اوٹاوا:طویل عمر کی خواہش ہر کسی کو ہوتی ہے لیکن اس کا حصول کیسے ممکن ہویہ بات آج تک کوئی نہیں جان سکا؟
اب کینیڈا کے سائنسدانوں نے اس سوال کے جواب میں پاکستان اور بھارت میں عام پائی جانے والی تین جڑی بوٹیوں کے نام بتا دیئے ہیں جن کے استعمال سے انسان 100سال سے زائد عمر پا سکتا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں کی اس ٹیم نے مکھیوں پر تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ اگر انسان ’پروبائیوٹکس‘ (Probiotics)کے ساتھ ’ترپھلا‘کا استعمال کرے تو وہ حیران کن حد تک طویل عمر پا سکتا ہے۔ترپھلا کی اصطلاح ہندوستانی دیسی طریقہ علاج میں صدیوں سے استعمال کی جا رہی ہے۔
اس میں تین پھل یا جڑی بوٹیاں بہیڑہ، آملہ اور ہڑکو ملا کر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ تینوں چیزیں پاکستان اور بھارت میں عام پائی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے تجربات میں مکھیوں کو جب پروبائیوٹک کے ساتھ ترپھلا کی خوراک دی تو ان کی عمر میں حیران کن طور پر 60فیصد اضافہ ہو گیا اور ان مکھیوں کو عمررسیدگی سے متعلق بیماریاں لاحق نہیں ہوئیں۔
سائنسدانوں کے مطابق مکھیوں کے جس گروپ کو یہ خوراک دی جاتی رہی اس گروپ کی مکھیوں کی عمر 66دن تک بڑھ گئی جو کہ دوسرے گروپ کی مکھیوں سے 26دن زیادہ تھی۔
اس پہلے گروپ کی مکھیوں میں انسولین کی زیادتی، انفلیمیشن اور تکسیدی پریشانی (Oxidative Stress)کے خلاف شدید مزاحمت پیدا گئی تھی۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہوں ڈاکٹر سوزان ویسٹ فال اور پروفیسر ستیا پرکاش کا کہنا تھا کہ ”ممکن ہے انسانوں میں اس طریقے کے ایسے خیرہ کن نتائج برآمد نہ ہوں جو مکھیوں میں سامنے آئے تاہم ہم پورے یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ اس طریقے سے انسانوں کی زندگی میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہو سکتا ہے اور وہ ایک صحت مند طویل زندگی پا سکتے ہیں۔“