لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پروفیسر حسن عسکری رضوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔
اس سلسلے میں آج چیف الیکشن کمیشن کے زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں الیکشن کمیشن کے ممبران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن حکام نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر پروفیسر حسن عسکری کے نام کا اعلان کردیا۔
پروفیسر حسن عسکری ایک نامور پروفیسر اور مستند کالم نگار ہیں۔ انہوں نے 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کیا، جہاں انہیں فل برائٹ اسکالر شپ دی گئی۔
پروفیسر حسن عسکری پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹکل سائنس کے پروفیسر رہ چکے ہیں اور تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں اہم تجربہ رکھتے ہیں۔
انہیں جنوبی ایشیا، خارجہ پالیسی اور سیکورٹی امور پر خصوصی دسترس حاصل ہے۔
پروفیسر حسن عسکری نے پاکستان میں جمہوریت اور سیاست پر کئی کتب لکھی ہیں، ان کی اکثر تصانیف کا موضوع سول ملٹری تعلقات رہا ہے۔ جبکہ 23 مارچ 2010 کو صدر پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔
Tags نگراں وزیراعظم پنجاب