میڈیا کمیشن کیس، چیئرمین پیمرا کے اختیارات میں اضافہ کردیا گیا

اسلام آباد: نگراں حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر پیمرا آرڈیننس میں ترمیم کردی۔ پیمرا پر وفاقی حکومت کا کنٹرول ختم ہوگیا اور چیئرمین پیمرا کے اختیارات میں اضافہ کردیا۔ جس کے بعد عدالت نے میڈیا کمیشن کیس نمٹا دیا۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار حامد میر نے پیمرا قانون کے سیکشن 5 اور 6 میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر گزشتہ روز میڈیا کمیشن کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے حکم جاری کیا ۔
سپریم کورٹ کے حکم کے بعد نگراں حکومت نے پیمرا آرڈیننس میں ترمیم کردی ۔
آرڈیننس کے مطابق پیمرا پر وفاقی حکومت کا کنٹرول ختم اور چیئرمین پیمرا کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد وفاقی حکومت کسی ٹی وی چینل کو براہ راست حکم سے بند نہیں کرسکے گی۔
پیمرا کے ارکان کی تعداد 11 سے کم کرکے 8 کردی گئی جبکہ 8 میں سے 5 ارکان غیر سرکاری اور 3 سرکاری ہوں گے۔