لاہور:نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے نامزد پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ میری کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہے ، انہوں نے کہاکہ میں عام انتخابات تک تمام سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاؤں گا اور پوری دیانتداری سے ذمہ داری نبھانے کی کوشش کروں گا۔
کابینہ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مختصر اور پروفیشنل افراد پر مشتمل کابینہ ہوگی، کبھی کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں رہا، پنجاب بڑا صوبہ ہے یقینا بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے۔
انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے ان کے مضامین کے حوالے سے سوال پر ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ مضامین کے نقاط کو کسی صورتحال پر لاگونہیں کیا جا سکتا بلکہ کسی بھی شخص کے خیالات کسی بھی حو الے سے کچھ بھی ہو سکتے ہیں۔
حسن عسکری نے کہاکہ مجھے الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلی مقرر کیا ہے اور آئینی طور پر اس عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔