عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

ٹھٹھہ: عوامی تحریک کے سربراہ اور سینئر سیاست دان رسول بخش پلیجو کی نمازجنازہ منگارخان پلیجوگراونڈ میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
رسول بخش پلیجو کی نمازجنازہ میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔ اس موقع پر سیاسی رہنماؤں اورکارکنوں نے ایازلطیف پلیجوسے تعزیت بھی کی۔
واضح رہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ اور سینئر سیاستدان رسول بخش پلیجو طویل علالت کے بعد گزشتہ روز 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ترجمان عوامی تحریک کے مطابق رسول بخش پلیجو طویل عرصے سے علیل تھے، انہیں سانس، دل اور سینے میں تکلیف کی شکایت تھی اور وہ کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔
ترجمان کے مطابق رسول بخش پلیجو کی میت کو تدفین کے لئے ان کے آبائی علاقے جنگ شاہی ٹھٹھہ روانہ کردی گئی ہے۔
رسول بخش پلیجو کو 2013 کے عام انتخابات میں نگراں وزیراعظم کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ رسول بخش پلیجو 21 فروری 1930 کو جنگ شاہی ٹھٹھہ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے اور سیکنڈری تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام کراچی سے حاصل کی، بعدازاں انہوں نے سندھ لاء کالج سے گریجویشن کیا اور سپریم کورٹ میں وکیل کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں۔ رسول بخش پلیجو نے سیاسی زندگی کے تقریباً 11 سال مختلف جیلوں میں گزارے۔