اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف تحقیقات کے مطالبے اور ان کو عہدے سے برطرف کرنے کی درخواست خارج کردی۔
تفصیلات کے مطابق آئین کی دفعہ 184(3) کے تحت عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی درخواست میں نور محمد اعوان کا کہنا تھا کہ عدالت کسی ٹھوس ثبوت کے بغیر ایک سیاسی رہنما پر بے بنیاد الزامات لگانے اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے پر چیئرمین نیب کو ان کے عہدے سے برطرف کرے۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ نیب چیئرمین نے اس معاملے میں جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے اس لیے وہ اب مزید اس عہدے کے اہل نہیں رہے، لہٰذا انصاف کی فراہمی کے لیے ضروری ہے کہ ان سے عہدہ واپس لیا جائے۔
تاہم چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پٹیشن پر رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات تسلیم کرتے ہوئے اسے خارج کردیا، اس حوالے سے رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھایا تھا کہ درخواست گزار نے اس سے حوالے سے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے بجائے براہ راست سپریم کورٹ سے رابطہ کیا اور درخواست گزار اپنے اس عمل کی کوئی توجیح بھی پیش نہیں کرسکے۔