پشاور: تربیلا ڈیم کے ٹرانسفارمر اوورلوڈ، وارسک ڈیم سے بجلی پیداوار بند ہونے سے خیبرپختونخوا کو بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم کے ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہونے اور وارسک ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند ہونے کے باعث پشاور، ایبٹ آباد اور مردان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
گزشتہ رات پشاور کے علاقے فقیر کالونی میں مکینوں کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا اور حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔
لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے حکام کا کہنا ہے کہ تربیلہ ڈیم کے پاور ٹرانسفارمرز پر شدید لوڈ ہے، جس کی وجہ سے مردان اور ہری پور میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور ان علاقوں میں اوور لوڈنگ کے باعث عوام کو باربار کی ٹرپنگ اور کم وولٹیج کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ وارسک ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
Tags تربیلا، بجلی فراہمی متاثر