اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے،جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزرائے داخلہ، خارجہ اور خزانہ کے علاوہ دیگر حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کےمطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عسکری حکام نے بریفنگ دی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور دیگر اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ اس دوران ملک کی اندرونی اور سرحدی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی اور اس حوالے سے درکار قانونی اور انتظامی اقدامات سےمتعلق بریف کیا۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسکے علاوہ وزیراعظم نے کمیٹی کو گزشتہ روز امریکی نائب صدر سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کےمطابق قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ذمہ داریوں کو پورا کررہا ہے اور مشترکہ مفادات اور اہداف کے حصول کے لیے عالمی تنظیموں کے ساتھ تعاون کررہے ہیں جب کہ ایف اے ٹی ایف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں گے۔