پائلٹس جعلی ڈگری کیس:شوکاز نوٹس پرلئے گئےحکم امتناع کالعدم قرار

کراچی: سپریم کورٹ نے پائلٹس جعلی ڈگری کیس میں ملازمین کی جانب سے شوکاز نوٹس پر حاصل کئے گئے تمام حکم امتناع کالعدم قراردے دیئے ہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایئرلائنزکے پائلٹ اوردیگر ٹیکینکل اسٹاف کی جعلی ڈگری کے حوالے سے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے عدالت میں ڈگریوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اب تک 60 فیصد ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے تاہم مکمل تصدیق کے لئے مزید وقت درکار ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جن ملازمین کی ڈگریاں مشکوک ہیں،انہیں شوکاز نوٹسزجاری کئے گئے تھے جس پر مذکورہ افراد نے ان نوٹسز پرعدالتوں سے حکم امتناع حاصل کرلیا تھا۔

جس پر عدالت نے تمام شوکاز نوٹسزپر لئے گئے حکم امتناع کالعدم قراردے دیئے اورحکم جاری کیا کہ جن ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں وہ اپنے ادارے میں جواب جمع کرائیں۔

اس کے ساتھ سپریم کورٹ نے تمام ماتحت عدالتوں کو ڈگریوں کی جانچ پڑتال کے بعد جاری ہونے والے شوکاز نوٹسز پر حکم امتناع جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

عدالت نے سول ایوی ایشن حکام کو ڈگریوں کی جانچ پڑتال کرنے کے لئے مزید 6 ہفتے کی مہلت دے کر مقدمے کی سماعت ملتوی کردی۔

اس سے پہلے مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈگریوں کی تصدیق کے معاملے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا تھا اورنجی ایئرلائن ایئربلیو پر 50 ہزار جبکہ شاہین ایئرلائن پرایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا تھا۔