سپریم کورٹ نےسمیرا ملک کوالیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی

کراچی: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما سمیرا ملک کی نااہلی کیخلاف اپیل منظورکرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سابق رکن قومی اسمبلی سمیرا ملک کی نااہلی کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ سمیرا ملک نے سپریم کورٹ سے الیکشن میں حصہ لینے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دینے کی درخواست کی۔

سپریم کورٹ نے سمیرا ملک کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی نااہلی کو معطل کردیا اور عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ فارنسک رپورٹ کے مطابق سمیرا ملک کی تصویراصلی ہے، تحقیق کے بغیر کیسے دستخط اورتصاویر کو جعلی کہہ سکتے ہیں، اب تو جانچ کیلئے سائنسی طریقے موجود ہیں، کسی عورت پر جعلسازی کا دھبہ نہیں لگنے دیں گے۔

سمیرا ملک نے 2008 میں خوشاب سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا۔ اکتوبر2013 میں سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں بی اے کی ڈگری میں رد و بدل پر سمیرا ملک کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ سمیرا ملک کی نااہلیت کا فیصلہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بنچ نے سنایا تھا۔