سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسلام آباد میں تعمیر کیے جانے والے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر آنے والی لاگت کا مکمل ریکارڈ 13 جون کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اسلام آباد ائیر پورٹ میں بارش کا پانی بھر جانے کے معاملے پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔
عدالت نے ایم ڈی پی آئی اے اور اسٹیشن منیجر اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے 13 جون کو اسلام آباد ائیر پورٹ پر آنے والی لاگت کا مکمل ریکارڈ اور پانی بھرنے والی سی سی ٹی فوٹیج بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیوز پرانی ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز ڈیڑھ سال قبل کی ہیں۔
چیف جسٹس نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سرحد پار سے چلائے جا رہے ہیں، ریاستی اداروں پر حملے ہو رہے ہیں اور عوام کوگم راہ کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جو ایئرپورٹ بنتے ہیں ان پر بہ یک وقت دو دو جہاز لینڈ اور ٹیک آف کر سکتے ہیں جب کہ آپ نے اربوں لگا دیے اور اس ایئر پورٹ پر صرف ایک جہاز لینڈ کرسکتا ہے۔