اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ لیگی وزراء اور اہل صحافت لندن فلیٹس کی حقیقت سے تین برس قبل اس وقت بھی آگاہ تھے جب “پانامہ لیکس” آئیں اس کے باوجود سب چپ چاپ وزیر اعظم نواز شریف کو منی لانڈرنگ، جعل سازی اور فراڈ کرتے اور اپنے بچوں سے جھوٹ کہلواتے دیکھتے رہے۔
عمران خان نے کہاکہ دنیا کی کس جمہوریت میں منی لانڈرنگ، فراڈ اور جعل سازی میں ملوث وزیراعظم پکڑے جانے پر انتہائی بے حیائی سے مظلومیت کا رونا روتا ہے؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ، نیب اور جے آئی ٹی کی تحقیقات پر قوم کا سرمایہ خرچ کیا گیا تاہم سزا ہونا ابھی بھی باقی ہے، یہ کمزور نظام اور اخلاقی دیوالیہ پن کی علامتیں ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کے پراسیکیوٹر کا آج کا بیان کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر نواز شریف کی 1993 سے ملکیت ثابت کرنے کیلئے کافی شواہد موجود ہیں، ظاہر کرتا ہے کہ کیسے کمزور کیلئے قانون کا معیار ایک ہے اور طاقتور کیلئے دوسراہے۔