انٹر نیٹ پر ایک ویڈیو وائر ل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات کے وقت جب گھر کے پالتو کتوں کو بھوک لگتی ہے تو وہ 15ماہ کی بچی کے کمرے میں جا کر اسے جگاتے ہیں تاکہ وہ بچی اٹھ کر ان کتوں کو کھانے کے بسکٹ اور دیگر اشیا دے سکے۔
اس بچی کا نام کلو ای ہے جس سے پالتو کتے بہت محبت کرتے ہیں۔ کتوں کو جلد یہ احساس ہوگیا کہ یہ بچی اپنے والدین کے مقابلے میں زیادہ سخی ہے اور وہ انہیں کھانا دیتی ہے۔
بچی کے والد کِرس نے بتایا کہ کتے کلو ای کی اونچی کرسی کے پاس جا بیٹھتے ہیں جہاں سے بچی اوپر رکھے کتے کے کھانے اور بسکٹ نکال کر انہیں دیتی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صبح کے 6 بجے بھوک سے بے تاب کتے خاموشی سے بچی کے کمرے میں داخل ہوئے اوراپنی زبان سے چاٹ کر بچی کو جگایا۔ اس کے بعد جب بچی باہر نکلی تو انہوں نے اس کی رہنمائی کرتے ہوئے بچی کو کھانے کی جگہ پہنچایا اور خود کلو ای نے بھی ان کی مدد کرنے میں خوشی محسوس کی۔
اس سے قبل والدین بچی کو صبح کے وقت گھر میں گھومتے دیکھ کر پریشان تھے کیونکہ وہ خود اپنے کمرے کا دروازہ نہیں کھول سکتی تھی۔ اس کے لیے انہوں نے بچی کے کمرے میں ویڈیو کیمرہ لگوایا جس سے اس واردات کا انکشاف ہوا۔