پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ہونے کی وجہ سے سعودی عرب جانے سے روک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان اپنے قریبی دوست زلفی بخاری کے ساتھ چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے سعودی عرب عمرہ ادائیگی کے لئے جارہے تھے کہ ایف آئی اے حکام نے زلفی بخاری نو ر خان ایئربیس پر روک لیا۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری کو ای سی ایل میں نام ہونے کی وجہ سے سعودی عرب جانے سے روک دیاگیا ہے۔ اور جب تک وزارت داخلہ تحریر ی اجازت نہیں دیتی ہم زلفی بخاری کوجانے نہیں دے سکتے جبکہ اگرعمران خان چاہیں تو وہ جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ سعودی عرب عمرہ ادائیگی کے لئے جارہے تھے جبکہ عون چودھر ی اور زلفی بخاری بھی ان کے ساتھ تھے۔
تاہم آخری اطلاعات کے مطابق کلیئرنس ملنے کے بعد زلفی بخاری کو بھی جانے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایک جیسے نام کے باعث مجھے غلطی سے روک دیا گیا تھا۔