قبائلی علاقے کی تاریخ میں پہلی بارخاتون امیدوار میدان میں

پشاور: قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد پہلی قبائلی خاتون امیدوارعام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے میدان میں آگئی ہیں ۔

علی بیگم نے آزاد حیثیت سے ضلع کرم این اے 46 پارہ چنار سے کاغذات جمع کرادیئے ہیں۔ علی بیگم ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم اورسیکریٹری پی اینڈ ڈی جیسے اہم عہدوں پر فائض رہ چکی ہیں اوران کا تعلق کرم کے علاقہ پارہ چنارسے ہے۔

انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی سے اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں ماسٹر کیا اورخیبرپختونخوا میں اعلیٰ عہدوں پرفائزرہ چکی ہیں۔

علی بیگم نے سیکریٹری فنانس، سیکریٹری پی اینڈ ڈی چیئرپرسن گورنرانسپکشن ٹیم اورایڈیشنل سیکریٹری تعلیم کے عہدوں پر کام کیا اورسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی مشیر برائے خواتین بھی رہی ہیں ۔

علی بیگم کا کہنا ہے ان کی پہلی ترجیح خواتین کے مسائل ہیں اوران کی کوشش کی ہوگی کہ کامیابی کے بعد وہ خصوصا قبائلی خواتین کے مسائل کے حل کے لئے موثر قانون سازی کرائیں۔ این اے 46 میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار868 ہے جس میں خواتین ووٹرز کی تعداد 72 ہزار842 ہے جبکہ عام انتخابات میں اس حلقے سے خواتین ووٹرز کی تعداد دیگرحلقوں کے مقابلے میں زیادہ رہی ہے۔