مقدمہ لٹکانے کیلئے بہانے کیے جارہےہیں۔فواد چوہدری

اسلام آباد: ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہاکہ خواجہ حارث کو معلوم ہے ان کے موکل لٹک گئے ہیں اس لیے وہ کیس کو لٹکا رہےہیں، یہ صرف مقدمہ لٹکانے کے بہانے ہیں، نہ ڈھیل ہونی چاہیے اور نہ ڈیل ہونی چاہیے۔ یہ دلدل سے نکلنے کے لیے ہاتھ پاؤں چلا رہے ہیں اتنا ہی پھنستے جارہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہاکہ عمران خان اور پارلیمانی بورڈ سے بھی غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازع نہیں ہے اور تحریک انصاف نے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بنی گالہ کے باہر احتجاج کرنےوالوں کو درخواستیں بھجنے کا کہا تھا اور ہم نے تمام درخواستیں آن لائن موصول کیں، پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹکٹس نہیں ملے یہ تاثر غلط ہے، پیپلزپارٹی سے آنے والے 18 لوگوں کو بھی ٹکٹس ملے ہیں ۔
فواد چوہدری کاکہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے، (ن) لیگ تو ابھی تک امیدواروں کے نام جاری نہیں کرسکی۔
لوڈشیڈنگ پر بات کرتےہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ کراچی، لاہور اور دیہی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، لوڈشیڈنگ پر عمران خان نے نگران وزیراعظم کوخط لکھا ہے، ہمیں انتظار ہے کہ نگران وزیراعظم توانائی کے مسئلےپر آگاہ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ کل 3 بجے پورےملک میں پریس کلبوں کےباہر احتجاج کی کال دی ہے۔