دبئی:متحدہ عرب امارات کے شاپنگ مال میں ایک شخص موبائل فون پھٹنے کے نیتجے میں جھلس کر زخمی ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کے جسم پر آگ لگی ہوئی ہے اور وہ مدد کے لیے پکا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص کی جیب میں رکھا ہوا موبائل پھٹنے کی وجہ سے اُس کے جسم میں آگ لگی، ویڈیو شیئر کرنے والے کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ دبئی کے شاپنگ مال میں پیش آیا۔دوسری جانب دبئی حکام نے ویڈیو کو جعلی قرار دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اس طرح کا واقعہ متحدہ عرب امارات کے کسی بھی شاپنگ مال میں پیش نہیں آیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پولیس کو اس طرح کے واقعے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ چیف انوسٹی گیشن آفیسر میجر جنرل خلیل ابراہیم المنصوری نے ویڈیو کو بے بنیاد اور پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے مذکورہ شخص کو تلاش کررہے ہیں جس نے جھوٹی افواہ پھیلا کر لوگوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی۔
علاوہ ازیں یہ بھی اطلاع سامنے آئی ہے کہ مذکورہ شخص کی عمر 30 سال ہے جو اغادیر سپر مارکیٹ میں ایک دکان کا مالک ہے۔