چوہدری نثار نے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنےکی تردید کر دی

 

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے بجائے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر مجھ سے منسوب اکثر بیانات حقیقت پر مبنی نہیں۔

نجی نیوز ویب سائٹ کے مطابق چوہدری نثار علی خان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے علیل ہوں اور اس دوران میں نے کسی سیاسی عمل میں حصہ نہیں لیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج اپنے آبائی دیہات اور علاقے کے لوگوں سے ایک مختصر ملاقات ضرور ہوئی لیکن یہ نہایت نجی نوعیت کی ملاقات تھی جس میں میڈیا موجود نہیں تھا، ملاقات میں اکثر وہ باتیں نہیں کیں جو میڈیا پر آرہی ہیں۔سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میڈیا سنی سنائی باتوں کو مجھ سے منسوب نہ کرے، صحت بہتر ہوتے ہی ساری صورت حال قوم کے سامنے رکھوں گا۔

اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ نن کے بجائے آزاد حیثیت میں انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق انہوں نے یہ بات اڈیالہ روڈ پر ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی نے سیاسی یتیموں کو ٹکٹ دے دیے ہیں، میں آزاد الیکشن لڑوں گا اس لیے اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔چوہدری نثار علی خان نے اپنی پارٹی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی میں دس خامیاں ہیں تو ن لیگ میں 100 سے بھی زائد خامیاں موجود ہیں۔