لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نیب نے سب سےزیادہ وصولیاں فوجی جرنیلوں سے کیں،دوسرے نمبر بیوروکریسی اور تیسرے نمبر پر سیاستدانوں کے نام آئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہناتھا کہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں آزاد صحافت بھی ہے، جہاں جمہوریت نہیں وہاں آزاد صحافت بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘فوج ایک ادارہ ہے جو ناصرف ناگزیر بلکہ ریاست اور سرحدوں کا تحفظ کرتا ہے لیکن جھگڑا اس وقت جنم لیتا ہے جب فوج سیاست میں حصہ لے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘ہم نے قومی اسمبلی میں مطالبہ کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بتائے کہ کن لوگوں سے کتنی وصولیاں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اسمبلی میں پیش کردہ نیب کے جواب میں سب سےزیادہ وصولیاں فوجی جرنیلوں، دوسرے نمبر بیوروکریسی اور تیسرے نمبر پر سیاستدانوں کے نام آئے۔
انھوں نے عوام کے دوہرے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا پاکستان میں خرابیوں کے بہت مناظر ہیں لیکن عوام کو ایک وزیر خزانہ اور ایک وزیراعظم نظر آتا ہے، کہیں دھماکا ہو جائے توعوام کی نظر اس ایک ہی شخص پر جاتی ہے۔