آرمی چیف کی کابل میں افغان صدراورنیٹو کمانڈر سے اہم ملاقاتیں

کابل :افغانستان کے دارالحکومت کابل میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے افغان صدراشرف غنی سے ملاقات کی ہے ۔ افغان میڈیا کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امن کیلئے پاک افغان ایکشن پلان پرعملدرآمد کے معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان صدراشرف غنی کے نائب ترجمان شاہ حسین مرتضوی کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دہشت گردی کیخلاف جنگ اورافغانستان میں امن عمل سے متعلق بھی گفتگو ہوئی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے اپنے دورہ کابل کے دوران افغان صدراشرف غنی سے ون آن ون ملاقات کی اور ان سے وفود کی سطح پربھی بات ہوئی ۔

آرمی چیف نے اتحادی افواج کے سر براہ جنرل نکولسن اور افغان چیف ایگزیکٹو ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے امن اقدامات پرافغان حکام کومبارکباد دی۔ واضح رہے کہ سیکریٹری خارجہ اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ بعد ازاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ افغان صدر سے ملاقات کرکے وطن واپس  پہنچ گئے ۔

اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ افغان صدر اشرف غنی کی دعوت ان سے ملاقات کیلئے کابل پہنچے تھے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پرکابل گئے ہیں جہاں وہ افغان صدر سے ملاقات کرینگے ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں ایک قومی اتحاد پرمشتمل حکومت اورامریکا اورنیٹو فورسز کو وہاں قیام امن میں کامیابی سے ہمکنار ہوتے دیکھنا چاہتا ہے۔