عمران خان کےمنتخب کردہ امیدوارقابل اعتراض ہیں -ریحام خان

 

نئی دہلی :عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ شدت پسندی کی طرف جھکاو عمران خان کو اقتدار میں لا سکتا ہے تو وہ یہ بھی کریں گے ،آئندہ انتخابات کے لیے عمران خان نے جتنے لوگ منتخب کیے سب قابل اعتراض ہیں ۔بھارتی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ میری کتاب کسی قسم کا بدلہ نہیں بلکہ یہ عوام کی دلچسپی کے لیے ہے ،تحریک انصاف سے پوچھا جائے کہ وہ میر ی کتاب سے خوفزدہ کیوں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ غیر مطبوعہ کتاب کے مبینہ اقتباسات تحریک انصاف اور اس کے میڈ یا ونگ نے جاری کیے ،جب کتاب شائع ہی نہیں ہوئی تو اس پر توہین کے کیسز کیسے بن سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو کتاب کے کچھ حصے جاری کر رہے ہیں ان کے خلاف مقدمہ ہو سکتا ہے ،کتاب میں اپنی غلطیوں کا ذکر بھی کیا ہے جس سے دوسری خواتین کو سبق سیکھنا چاہیے ۔ریحام خان نے مزید کہا کہ عمران خان کے ذاتی تعلقات پر بحث کرنے میں کوئی حرج نہیں ،انتخابات سے پہلے عوام کو اپنے رہنماؤں کی اصلیت کا پتہ چلنا چاہیے ۔