اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نااہلی کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں اہل قرار دے دیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما شكیل اعوان نے این اے 55 راولپنڈی سے شیخ رشید كی كامیابی كو چیلنج كرتے ہوئے الیكشن ٹربیونل میں درخواست دائر كی تھی۔ جس میں ان پر 2013 کے انتخابات کے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم الیکشن ٹربیونل نے تکنیکی بنیادوں پر پٹیشن خارج کردی تھی۔ جس کے بعد ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ ن لیگی رہنما کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی تھی۔ سپریم کورٹ نے 20 مارچ کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔