لاہور: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ ووٹ کی عزت مہم میں ہمیں کامیاب کرے۔ آمر کو آزادی اور عوام کے منتخب وزیراعظم کو رسوا کیا جاتا رہا۔ مسلم لیگ (ن) وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائے گی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ ووٹ کی عزت مہم میں ہمیں کامیاب کرے کیونکہ ووٹ کی عزت کا وقت آگیا ہے اور کامیابی قریب ہے، میں ملک، قوم اور ووٹ کی عزت کے لئے باہر نکلی ہوں، ووٹر سے کہتی ہوں باہر نکلیں، ابھی نہیں تو کبھی نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پرویز مشرف کو باہر بھجوانے کے لئے 120 دن کا دھرنا دیا گیا۔ ایک آمر کو آزادی دی جارہی ہے جبکہ عوام کے منتخب نمائندے کو رسوا کیا جارہا ہے۔ آئین کو توڑنے والے آمر کو فاضل جج واپس بلا کر تحفظ دے رہے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف طے شدہ اسکرپٹ کے تحت کام کیا جا رہا تھا لیکن وہ اسکرپٹ ناکام ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرنے یا چالیں چلنے کا وقت گزر گیا، پاکستان جاگ اٹھا ہے اور عوام باشعور ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائے گی۔
شیخ رشید کی اہلیت سے متعلق فیصلے کے سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے شیخ رشید کا فیصلہ سننا بھی گوارا نہیں کیا کیونکہ جب آپ کو پتہ ہو کہ فیصلہ کیا آنا ہے تو سننے کا کیا فائدہ۔
حلقہ پی پی 173 کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران ریٹرننگ افسران کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی یا قومی اسمبلی میں بیٹھنے کا فیصلہ وقت آنے پر کروں گی۔
ریٹرننگ افسر نے سوال کیا کہ منتخب ہونے کے بعد پانی کے بحران سے کیسے نمٹیں گی؟
اس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ پانی کو محفوظ بنانا بہت ضروری ہے۔ اس کے لئے ڈیمز بننے چاہئیں۔
ریٹرننگ افسر نے پوچھا کہ بھارت اور افغانستان سے خارجہ پالیسی کوکس تناظر میں دیکھتی ہیں؟
آر او کے اس سوال پر مریم نواز کے وکلا نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا خارجہ پالیسی سےکوئی تعلق نہیں۔ جبکہ مریم نواز نے جواب دیا کہ خارجہ پالیسی بنانا پارلیمنٹ اور منتخب نمائندوں کا کام ہے۔
ریٹرننگ افسر کےسوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لئے5 سال سے کام کررہے ہیں۔ ہم نے اداروں کے ساتھ مل کر سیکورٹی کو بہتر بنایا۔
Tags مریم نواز، کاغذات نامزدگی