شوال کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب

کراچی: شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں طلب کرلیا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بعد نماز عصر محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔
شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کے صوبائی دفاتر میں بھی اجلاس ہوں گے جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں سے متعلق مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کو رات 12 بجے کے قریب ہوگی اور 14 جون کی شام تک چاند کی عمر 19 گھنٹے تین منٹ ہوگی جبکہ غروب آفتاب کے بعد 39 منٹ تک چاند نظر آنے کا وقت ہے۔ جبکہ کراچی میں چاند کی عمر 19 گھنٹے 23 منٹ ہوگی لہٰذا 29 رمضان کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔