چیئرمین نیب کا نندی پور پراجیکٹ میں بدعنوانی کی تحقیقات کا حکم

نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی کی انکوائری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نندی پور پاور پراجیکٹ گوجرانوالہ کو آؤٹ سورس کرنے میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے تحقیقات کا حکم دیا۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیےمیں بتایا گیا ہےکہ چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کو اس حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
یا درہے کہ7 جون کو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نیب کو منصوبےمیں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
واضح رہےکہ نندی پور پاور پراجیکٹ پنجاب میں گزشتہ دور حکومت میں تعمیر کیا گیا تھا جس کے ذریعے 525 میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے منصوبے میں کرپشن کے الزمات عائد کیے گئے تھے۔