پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دوست زلفی بخار ی کا نام سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر بلیک لسٹ سے نکالا گیا جبکہ نگران وزیر داخلہ اعظم خان کے عمران خان فاؤنڈیشن کے ممبر ہونے کاانکشاف ہوا ہے ۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے دوست زلفی بخاری کانام بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے حوالے وزارت داخلہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔زلفی بخاری کانام سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر بلیک لسٹ سے نکالا گیا ہے ۔زلفی بخار ی کو عمران خان اپنے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کیلئے لے جانا چاہتے تھے لیکن ان کانام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے امیگریشن حکام نے ان کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن عمران خان ان کو ساتھ لے جانے کیلئے اصرار کرتے رہے جس پر سیکرٹری داخلہ نے ان کانام بلیک لسٹ سے نکا ل کر بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ اس حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ نگران وزیر داخلہ عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر ہیں اور ان کا نام عمران خان فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر بھی بطور بورڈ ممبر موجودہے ۔
واضح رہے کہ دو روز قبل زلفی بخاری عمران خان کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے کہ ایف آئی اے نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باعث انہیں سفر سے روک دیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق امیگریشن حکام نے بلیک لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے زلفی بخاری کو سفر کرنے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن عمران خان زلفی بخاری کو ساتھ لے کر جانے پر اصرار کرتے رہے۔