اسلام آباد :عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے نااہلی کیس میں اپنی بریت کے حوالے سے مریم نواز کے ٹوئٹ پر ردعمل کے اظہار میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں چوہدری نثارنہیں ہوں۔ میں 3 منٹ میں ایسا پوسٹ مارٹم کردوں گا کہ آپ سیاست سے بھاگ جائیں گی ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے نااہلی کیس پر مریم نواز کے ٹوئٹ پر مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں چوہدری نثار نہیں ہوں۔مریم نواز کے حوالے سے میں کہتا ہوں کہ میں بچوں پر تبصر ہ نہیں کرتا ۔میں چوہدری نثارنہیں ہوں جو3 سال کی بات کروں گا ۔میں 3 منٹ میں ایسا پوسٹ مارٹم کروں گا کہ آپ سیاست سے بھاگ جائیں گی ۔ میں آپ سے کہتا ہوں کے میں نوازشریف نہیں شیخ رشید ہوں۔ میں نے مریم صاحبہ پہ کبھی تبصرہ نہیں کیا اور نہ کروں گا ۔ نواز شریف کی ساری تباہی کی ذمہ دار مریم نواز ہیں اور آج نواز شریف جہاں کھڑے ہیں مریم نواز کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) کی سیاست مریم نواز اور نواز شریف کے پاس ہے اور شہباز شریف ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کو بیوقوف بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔شیخ رشید نے کہا کہ میں نہ پانامہ ہوں اور نہ میں اقامہ ہوں اور نہ میں منی لانڈر ہوں ۔ اگر مکان کی قیمت کا مسئلہ تھا تو میں نے وکیل سے کہا تھا کہ اس کی قیمت آپ دے دیں اور مکان لے لیں۔انہوں نے کہا کہ کیس اس قدر سیریس ہوگا میں نے سوچا ہی نہیں تھا ۔انہوں نے کہا یہ چاہتے ہیں کہ میں مر جاؤں جس دن میں مرجاؤں گا یہ کفن اٹھا کر بھی دیکھیں گے کہ شیخ رشید کہیں زندہ تو نہیں ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خانہ نمبر 2 کے لوگ تھے جو خانہ نمبر ایک میں آگئے اور اب میں قومی اسمبلی میں 10نمبر کا لتر لیکر آرہا ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنتے نہیں دیکھ رہا۔ تحریک انصاف ہی ایک ایسی جماعت ہے جو مسلم لیگ ن کامقابلہ کر سکتی ہے ۔ پیپلزپارٹی صرف انتخابات میں ایک حد تک ووٹ لے گی اس سے کسی بریک تھروکا امکان نہیں ہے ۔