ایف آئی اے چھاپہ، گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث ڈاکٹرز گرفتار

فیصل آباد: پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف ائی اے) نے نجی اسپتال پر چھاپہ مار کر غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایف آئی اے نے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کی خفیہ اطلاع ملنے پر ایک نجی اسپتال پر چھاپہ مارا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف ائی اے ساجد اکرام کے مطابق گزشتہ رات ستیانہ روڑ پر واقع ایک نجی اسپتال میں لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک 35 سالہ خاتون کو 19 سالہ نوجوان ابرار کا گردہ لگانے کے لئے آپریشن جاری تھا۔ جس کے لئے ڈونر ابرار کو پانچ لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی تھی۔
چھاپے کے دوران آپریشن میں مصروف 2 ڈاکٹروں اور طبی عملے سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ مریضہ اور ڈونر کو الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تاہم نجی اسپتال کا مالک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایف آئی اے نے اسپتال کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔