اسلام آبادکی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف زیرسماعت تین نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پیروی کے لیے نئے وکیل نے اپنا وکالت نامہ جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی، اس موقع پر نواز شریف کی جانب سے جہانگیر جدون نے وکالت نامہ داخل کرادیا۔
نواز شریف کے خلاف نیب کے تینوں ریفرنسز، العزیزیہ اسٹیل ملز، فلیگ شپ انویسمنٹ اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں جہانگیر جدون ایڈووکیٹ سابق وزیراعظم کی وکالت کریں گے۔
اس سے قبل نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ کی جانب سے احتساب عدالت کو ہدایات دینے پر کیس کی پیروی سے معذرت کرلی تھی اور گزشتہ پیشی میں نواز شریف وکیل کے بغیر عدالت میں پیش ہوئے جس کے بعد ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی گئی تھی۔
سابق وزیراعظم اور مریم نواز کو عدالت نے آج کے لئے حاضری سے استثنیٰ دے رکھا تھا جب کہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز بھی آج پیش نہ ہوئے۔
ان کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویزکی طبیعت خراب ہے لہذاعدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ۔عدالت نے امجد پرویز کو19 جون کو حتمی دلائل کے لیے آخری موقع دے دیا ۔
احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت بھی 19 جون کے لیے مقرر ہے جب کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں عدالت نے واجد ضیاء کو بھی طلب کر رکھا ہے۔