سپریم کورٹ نے مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا حکم واپس لے لیا

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا حکم واپس لے لیا اور مقدمے کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی خصوصی بینچ نے لاہور رجسٹری میں پرویز مشرف کی طلبی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پتہ کریں پرویز مشرف آرہے ہیں یا نہیں، عید الفطر پر اسٹاف کو چھٹیوں پر بھی جانا ہے۔ہم نے کیس کی سماعت 2 بجے رکھی ہے، اگر پرویز مشرف کو آنا ہے تو انتظار کرلیتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق فوری اپ ڈیٹ لے کر جواب جمع کرانےکا حکم دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔
تاہم کچھ دیر بعد پرویز مشرف کے وکیل قمر الفضل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے پرویز مشرف وطن واپس نہیں آرہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرف آنا چاہتے ہیں لیکن موجودہ حالات اور چھٹیوں کی وجہ سے نہیں آرہے۔
جس پر سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لیتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔