پشاور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سکھ رہنما سردار چرن جیت سنگھ کے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق 29 مئی کو قتل ہونے والے ممتاز سکھ رہنما کے قاتلوں کو انسپیکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا نے ایک ہفتے میں پکڑنے کا اعلان کیا تھا۔
قتل کے دو ہفتے گزرنے کے بعد پولیس ابھی ایک قاتل تک پہنچ سکی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پشاور پولیس کے مطابق قتل کے ملزم کو کوہاٹ روڈ کے قریب غلّہ منڈی سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والے ملزم شہر یار نے پولیس کے سامنے اعترافِ جرم بھی کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ سردار چرن جیت سنگھ کو اس وقت موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا جب وہ کوہاٹ روڈ پر واقع اسکیم چوک میں اپنی دکان میں بیٹھے تھے۔