بلوچستان میں پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ

کوئٹہ: بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا ہے ۔ رواں سال صوبےسے پولیو کا یہ تیسرا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

بلوچستان کے ضلع دکی کےعلاقے کلی بابڑان یونین کونسل صدر سے پولیوکا نیا کیس رپورٹ ہونے سے انسداد پولیو کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے ۔

محکمہ صحت کےذرائع کے مطابق پولیوکا شکار محمد عثمان نامی 18 ماہ کابچہ ہے جس میں گذشتہ ہفتے پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ۔

تشویشناک بات یہ ہے کہ رواں سال ضلع دکی سے رپورٹ ہونےوالا پولیو کا یہ تیسرا کیس ہے اور یہ اس وقت نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا بھی تیسرا پولیو کیس ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق محمدعثمان کو انسداد پولیو کی گذشتہ چھ مہم کے دوران بچے صرف ایک بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاسکے، پانچ بار مہم کے دوران بچہ گھرپردستیاب نہیں تھا،اس سےقبل دکی سے پولیو کےدو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

دکی سے پہلاکیس رواں سال مارچ اور دوسرا کیس مئی میں رپورٹ ہوا تھا، گذشتہ سال بھی بلوچستان سے پولیو کے تین کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اس سےقبل بلوچستان سے 2016 میں پولیو کے دوکیس جبکہ 2015 میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد سات تھی۔ 2014 میں بلوچستان سے پولیو کے 25 کیسزرپورٹ ہوئے تھے۔

تاہم 2013 میں بلوچستان سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا تاہم 2012 میں بلوچستان سے چاراور 2011 میں صوبےسے ریکارڈ 73 کیسز رپورٹ ہوئےتھے ۔ اس لحاظ سے گذشتہ آٹھ سال کے دوران بلوچستان سے مجموعی طور پر117 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔