مفتی پوپلزئی نے جمعہ کے روز عید الفطر منانے کا اعلان کردیا

 

پشاور:پشاور کی مشہورمسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ایک بار پھر قوم کو تقسیم کرتے ہوئے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، جس کے بعدملک میں ایک بار پھر2 عیدیں ہوں گی،پوپلزئی کمیٹی کے اعلان پر خیبر پختون میں کل اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے متفقہ فیصلے کے مطابق ملک بھر میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتے کو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اس بار بھی 2عیدوں کی روایت برقرار رہے گی ،پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں مقامی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ شوال المکرم 1439 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مسجد قاسم علی خان میں اجلاس منعقد ہوا جس میں جید علمائے کرام نے شرکت کی ۔اجلاس میں شرعی شہادتوں کی بنیاد پر متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل بروز جمعۃ المبارک 15 جون کو یکم شوال ہو گی ،اس سلسلہ میں ہمیں ہمارے متعین کردہ علمائے کرام نے شب قدر سے 11 ،تیمر گرہ سے 4، شب اڈہ سے 6،لنڈی کوتل سے 12،سرائے نورنگ سے 4 خواتین،بڈ بیر سے4 خواتین ،سفید ڈلی سے 2 ,رستم سے 5،بنوں سے 7 اور باجوڑ ایجنسی سے 10 سمیت کئی جگہوں سے شہادتیں موصول ہوئیں جن کی بنیاد پر علمائے کرام نے شوال المکرم کے چاند کا فیصلہ کیا ہے جس کی روشنی میں کل بروز جمعہ عید الفطر ہو گی ۔