ملک بھرمیں کل ہفتہ کو عیدالفطر منائی جائے گی

کراچی: پاکستان کے مختلف علاقوں میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے۔ ملک بھر میں عید الفطر کل ہفتے کو منائی جائے گی۔

گزشتہ روز شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا تھا جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا تھا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے سے شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے بھی پاکستان میں ہفتے کی عید کی پیشگوئی کی تھی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے چند اضلاع میں آج جمعہ کوعید الفطرمنائی گئی۔ خیبرپختونخوا کے صوبے پشاور سمیت نوشہرہ، بنوں، کوہاٹ، چارسدہ، ہنگو اور مردان سمیت مختلف مقامات پرنماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

کوہاٹ، ہنگو، لکی مروت، نوشہرہ سمیت اورکزئی ایجنسی، مہمندایجنسی بنوں کی مختلف مساجد سے چاند نظرآنے کی شہادتوں کے اعلانات لاؤڈ اسپیکرسے کئے گئے تھے۔

ہنگو میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا جنت خان اور نوشہرہ کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالہادی شاہ نے جمعے کو عید منانے کا اعلان کیا تھا۔
پشاور کی مسجد مہابت خان میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز عیدالفطر ادا کی ۔ عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی اوراستحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ اسکے علاوہ  فلسطین، شام، مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پربنوں سمیت مختلف مقامات پر نمازعید کے اجتماعات کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئےگئے تھے۔

جمعے کے روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات و دیگر خلیجی ممالک، امریکا، یورپ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں بھی عید منائی گئی۔