اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے دہری شہریت کے حامل امیدواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کردی۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، رہنما فیصل واوڈا اور فوزیہ قصوری سمیت 122 امیدواروں کی دہری شہریت کا انکشاف ہوا ہے۔
عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کے 122 امیدواروں کی دہری شہریت کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اسمبلی کے 49، پنجاب اسمبلی کے 53، سندھ اسمبلی کے 11، خیبرپختونخوا کے 8 اور بلوچستان اسمبلی کے ایک امیدوار کی دہری شہریت سامنے آئی ہے۔
ایف آئی اے نے دہری شہریت کے حامل امیدواروں کے پاسپورٹ، سفری تفصیلات الیکشن کمیشن کو دےدی ہے اور کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو یہ تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق سیاست دانوں میں مراد علی شاہ، فوزیہ قصوری اور احمد یار حراج کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے۔ فیصل واوڈا، نادر لغاری اور گلفام سواتی امریکا کی شہریت رکھتے ہیں جب کہ فرحانہ قمر برطانوی شہری ہیں۔
ذرائع کے مطابق 60 امیدواروں کے پاس برطانیہ، 26 کے پاس امریکا، 24 کے پاس کینیڈا، 3 کے پاس آئرلینڈ اور 2 کے پاس بیلجیم کی شہریت ہے۔
سنگاپور، آسٹریلیا، جرمنی، اٹلی، اسپین، ازبکستان، جنوبی افریقہ کی شہریت رکھنے والے ایک ایک امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔
Tags امیدوار، دہری شہریت