اسلام آباد: ملک بھر سے 7 ہزارسے زائد افغان مہاجرین کی واپسی اپنے ملک ہوچکی ہے جبکہ واپسی کے آپریشن میں عید کے بعد تیزی متوقع ہے۔
اس کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل میں عید کے بعد تیزی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ عمل یکم مارچ سے شروع ہوا تھا اوراس کی آگاہی ہوتے ہوتے تھوڑا وقت لگتا ہے۔
افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل چاروں صوبوں، فاٹا اورگلگت بلتستان سے جاری ہے جو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کے مخصوص کیمپس کے ذریعے واپس جاتے ہیں۔
ملک بھر میں تین درجہ بندیوں میں افغان مہاجرین موجود ہیں پہلی درجہ بندی میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد تقریبا14 لاکھ دوسری درجہ بندی میں افغان سیٹیزنز کارڈ کے لیے رجسٹریشن کروانے والے افغان مہاجرین کی تعداد 8 لاکھ 64 ہزار سے زائدجبکہ تیسری درجہ بندی میں ایک محتاط اندازے کے مطابق ابھی بھی 4 لاکھ ایسے افغان باشندے ملک میں موجود ہیں جنھوں نے رجسٹریشن نہیں کروائی ۔یوں ملک میں کل افغان مہاجرین کی تعداد 27 لاکھ سے زائد ہے جنھوں نے اپنے ملک واپس جانا ہے۔