کلثوم نوازکےکمرے میں گھسنے والاشخص ڈاکٹرنکلا،تفتیش کےبعدچھوڑدیا گیا

لندن:ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیرعلاج بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں گھسنے والا مشتبہ شخص ڈاکٹرنکلا جسے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے اس شخص نے بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی تھی جسے سیکیورٹی حکام نے پکڑ لیا تھا۔

واقعہ ہارلے اسٹریٹ کلینک کی پہلی منزل پر پیش آیا جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے ولالے کی شناخت ڈاکٹر نوید کے نام سے ہوئی ہے۔ اس نے سیکیورٹی اہلکاروں کو اپنا کارڈ دکھا کرکمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ اس نے پوچھ گچھ پربتایا کہ وہ بیگم کلثوم نواز سے ملنے آیا تھا اوراس نے کچھ غلط نہیں کیا۔

بعدازاں پولیس نے ڈاکٹر نوید کو وارننگ دے کرچھوڑدیا اوراسپتال سے دور رہنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرنوید کے موبائل سے وڈیوزبرآمد ہوئی ہیں جواسپتال کےاندر بنائی گئی تھیں۔ اس معاملے سے جنرل میڈیکل کونسل کو آگاہ کیا جائے گا۔

ڈالٹر نوید کو وارننگ دی گئی کہ شریف فیملی کے کسی فرد کے پاس نہ جائے ورنہ کارروائی ہوگی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ فیملی پہلے ہی بہت پریشان ہے اورایسے لوگ آکراور پریشان کر رہے ہیں۔

حسین نوازنے بتایا کہ یہ شخص سیکیورٹی کو بے وقوف بناکرکلثوم نواز کے کمرے تک پہنچا۔ حسین نوازکا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نوازانتہائی نگہداشت وارڈمیں ہیں اورانہیں دعاوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ وارڈ میں گھسنے والے مشکوک شخص کو پولیس نے باہرنکال دیا ہے

حسین نواز نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ یہ شخص کون ہے۔ پولیس اورمیڈیا خود پتا لگائے، اگر یہ شخص ڈاکٹربھی ہے تواس کا مطلب یہ نہیں کہ جس سے اس کا تعلق نہ ہو وہاں گھس جائے۔

نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر نوید کے واقعے پرکچھ نہیں کہہ سکتیں، ایسا کرنا نہیں چاہیئے، بہت بری بات ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرنوید پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی کے رہنما چوہدری اصغرکا بھانجا ہے۔

خیال رہے کہ لندن کے اسپتال میں زیر علاج وینٹی لیٹر پر بیگم کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔

لندن میں نوازشریف نے اپنے صاحبزادے حسین نوازاور مریم نوازکے ہمراہ اہلیہ کی تیمارداری کی ہے۔