اسلام آباد: نگراں وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری نے نجی اسکول گروپ کے مالک فیصل مشتاق کو وزیر تعلیم پنجاب مقرر کردیا۔پنجاب کی نگراں کابینہ کی تشکیل میں غیرجانبداری کے اصول کو ہوا میں اڑادیا گیا۔ نگراں وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری نے نجی اسکول گروپ کے مالک فیصل مشتاق کو وزیر تعلیم پنجاب مقرر کردیا۔
نجی ٹی وی کےمطابق نگراں وزیر تعلیم فیصل مشتاق کے نجی اسکول گروپ کی پنجاب سمیت ملک بھر میں شاخیں قائم ہیں۔ فیصل مشتاق اور دیگر نجی اسکول مالکان نے سرکاری قواعد و ضوابط کو عدالتوں میں چیلنج بھی کر رکھا ہے۔ فیصل مشتاق کے اسکول سسٹم کا شمار ملک بھر کے مہنگے ترین اسکولوں میں ہوتا ہے جہاں حال ہی میں موسم گرما کی تعطیلات میں فیسوں کی عدم وصولی کے حکم نامے کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے طلبہ سے فیسیں بھی وصول کی گئی ہیں۔
دوسری جانب نگراں وزیر تعلیم پنجاب فیصل مشتاق نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ وہ وزیر تعلیم نامزدگی کے فورا بعد روٹس اسکول سسٹم کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔ فیصل مشتاق نے کہا کہ میرا تعلیم کے میدان میں 30 سالہ تجربہ ہے اور کسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، عہدے کا حلف اٹھالیا ہے، نگراں حکومت کا کام شفاف الیکشن کا انعقاد ہے اور اس ذمہ داری کو ہم پورا کریں گے۔