اسلام آباد کے حلقے این اے53 کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے ریٹرننگ افسر کی جانب سے اسکروٹنی کل کی جائے گی۔جس کے لیے عمران خان، شاہد خاقان اور عائشہ گلالئی کو ایک ساتھ طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کی منحرف رکن عائشہ گلالئی نے عام انتخابات کے لیے اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے امیدواروں کی اسکروٹنی کل کی جائے گی، اس سلسلے میں آر او نے عمران خان، عائشہ گلالئی اور شاہد خاقان عباسی کو کل ایک ہی دن ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور پی ٹی آئی کے الیاس مہربان بھی شامل ہیں، حتمی فہرست 19 جون کو جاری کی جائےگی۔