لاہور: بھارتی فورسز کی نہتے کشمیریوں پرفائرنگ اور ورکنگ باؤنڈری پربلااشتعال گولہ باری کے مسلسل واقعات کے بعد پاکستان اوربھارت کی سرحدی فورسز کے مابین عید کے موقع پر روایتی مٹھائی کا تبادلہ نہیں ہوسکا ۔
پاکستان اوربھارت کی سرحدی فورسز پاکستان رینجرزاوربی ایس ایف کے مابین عید، بیساکھی اوردونوں ملکوں کے قومی تہواروں پرایک دوسرے کو خیرسگالی کے طورپرمٹھائی کا تحفہ دیا جاتا ہے لیکن اس بار ورکنگ باؤنڈری اورکنٹرول لائن پرکشیدہ صورت حال، بی ایس ایف کی طرف سے سیزفائرمعاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں اوراس کے نتیجے میں بے گناہ پاکستانی شہریوں کی شہادت کے باعث پاکستان اوربھارت کے مشترکہ واہگہ اٹاری بارڈر پر روایتی مٹھائی کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل ماضی میں بھی کئی بارایسا ہوا جب دونوں ملکوں کے حالات میں کشیدگی آئی تواس کا اثر واہگہ اٹاری بارڈر پر دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز کے رویوِں میں بھی نظرآتا ہے
عید کے روز رینجرز اوربی ایس ایف کے جوان اپنی اپنی سرحدوں پرچاق و چوبند کھڑے نگہبانی کرتے رہے لیکن دونوں ملکوں میں ایک ہی دن عید ہونے کے باوجود ایک دوسرے کومبارک باد نہیں دی گئی۔