آزاد جموں و کشمیر کے صدرمسعود خان نے مقبوضہ کشمیربھارتی فوج کے مظالم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئےعالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس رپورٹ کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھا جائے۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدرمسعود خان کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ جنگ زدہ کشمیرمیں انسانی حقوق کا بحران روکا جاسکے۔
انہوں نے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (ایچ سی ایچ آر) کی پیشکش کا بھی خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرانے کی تجویز پیش کی تھی۔
برہان وانی کے قتل کے بعد سے اب تک وادی میں قتل، اقدامِ قتل، حراست، جبری گمشدگی اور جنسی ہراساں کرنے کے واقعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی یہ فہرست جامع نہیں، یہ تو سمندر میں بہتی چٹان کی صرف چوٹی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے اس سے قبل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لیے حقائق جاننے والے ایچ سی ایچ آر کے وفد کو مقبوضہ وادی میں جانے سے روک دیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک شجاع بخاری کے قتل کی تحقیقات نہیں ہوجاتیں تب تک وادی میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانے والے صحافیوں کو کام کرنے میں خوف طاری رہے گا۔
خیال رہے کہ روزنامہ رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاع بخاری کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جاں بحق کردیا تھا، جس میں ان کے محافظ بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔