چینی میڈیا کے مطابق ساحلی شہرچنگزاؤ میں طوفان اوربارشوں کے دوران فضاء سے کیکڑے، سیپیاں اوراسٹارفش گھروں ، گاڑیوں اور سڑکوں پر بارش کی صورت برسنے لگیں۔
ساحلی علاقے کے قریبی مکانوں کی چھت پر کیکڑے اوراسٹارفش کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جنہیں شہریوں نے حفاظت سے اپنے گھروں میں رکھ لیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ تیزسمندری ہواؤں اورطوفان کے باعث چھوٹے سمندری حیات لہروں کی سطح پرآجاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ خراب موسم کے باعث ہلاک ہونے والے سمندری حیات ساحل پر جمع ہوجاتے ہیں جہاں تیزہوائیں چلنے کے باعث وہ اُڑ کر شہریوں پر بارش کی مانند برسنے لگے۔ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ ساحل سے دور رہیں اور سڑکوں پرملنے والی سمندری حیات سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے بجائے متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو دن سے جاری طوفان و بارش کے باعث چین کے ساحلی علاقے میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے جبکہ وائلڈ لائف اور امدادی ادارے کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹنے کے لئے ساحلی علاقے میں موجود ہیں۔