کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا اور پنجاب کے شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ہرنائی، ضلع ژوب، کوہلو اور شیرانی میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔
طغیانی کے باعث ہرنائی، پنجاب قومی شاہراہ پر تین مقامات پر زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور پنجاب کے شہروں ملتان، خانیوال، وہاڑی ،ٹانک، چیچہ وطنی، راجن پور اور پاکپتن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آج مردان، کوہاٹ، ہزارہ، راولپنڈی،گجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔