عام انتخابات 2018 کیلئے امیدواروں کےکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال عید کی تعطیلات کے بعد آج سے دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق ملک بھر میں عید الفطر کے تیسرے روز ہی ریٹرننگ افسران کی چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں۔ملک بھر میں ریٹرننگ آفیسرز نے قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوبارہ شروع کردی ہے، ریٹرننگ افسران آج اور کل امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرکے ان کی اہلیت یا نااہلی کے فیصلے کریں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران کو کل تک تمام امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرنا ہے، اس کے لیے الیکشن کمیشن اسکروٹنی سیل نے ریٹرننگ افسران کو تمام امیدواروں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کاغذاتِ نامزدگی پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کے لیے ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل 20 ایپلٹ ٹربیونلز قائم کر دئیے ہیں، امیدوار 22 جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ ایپلٹ ٹربیونلز 27 جون تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔