پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 53 میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کا جواب بذریعہ وکیل جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے جسٹس اینڈ ڈیموکریٹنگ پارٹی کے امیدوار کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر اپنا تحریری جواب ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرادیا ۔ تحریری جواب عمران خان کی جگہ بابر اعوان کے معاون وکیل نے جمع کرایا جس میں صفائی پیش کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف اعتراضات بے بنیاد، لغو اور فریب کاری پر مبنی ہیں جس کا مقصد بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کا میڈیا ٹرائل کروانا ہے۔
تحریری جواب میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ بیرون ملک سے کاغذات منگوانے اور بھجوانے کا قانونی طریقہ کار موجود ہے لیکن عمرن خان پر لگائے گئے اعتراضات فوٹو اسٹیٹ کاغذات پر مشتمل اور غیر تصدیق شدہ ہیں جو جعلسازی کے زمرے میں آتے ہیں، اعتراضات جھوٹ پر مبنی،من گھڑت، غیر تصدیق شدہ اور صرف الزامات ہیں، اس طرح کے اعتراضات کے کاغذ پکوڑے لپیٹنے کے کام بھی نہیں آ سکتے۔