تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افتخار چوہدری کا اپنا کوئی قد کاٹھ نہیں،وہ عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں کیونکہ انہوں نے 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کروائی اور اب ایک بار پھر رائیونڈ کی خدمت کے لئے نکل پڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افتخار چوہدری کا اپنا کوئی قد کاٹھ نہیں، انہوں نے اپنے بیٹے کا مقدمہ بھی خود سن کر ریلیف دیا، ارسلان چوہدری کا مقدمہ بھی جلد کھلنا چاہیے، نیب اچھا کام کررہی ہے لیکن نیب کو افتخار چوہدری کی کرپشن کیوں نظر نہیں آتی؟۔
ان کا کہناتھا کہ عمران خان کی نوازشریف کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ، کل پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر عمران خان کی ہدایت پر ہارلے اسٹریٹ گئے اور بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور ہم بھی ان کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے پاس انتخابات میں حصہ لینے کے ہزاروں امیدوار ہیں لیکن ٹکٹس کم ہیں اور یہ معاملہ ایک انار سو بیمار والا بن چکا ہے، عمران خان کہہ چکے ہیں ہر شخص کو ٹکٹس نہیں دیئے جاسکتے تاہم کوشش ہے کہ جلد امیدواروں کا چناوٴ کردیا جائے۔