لندن :کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویشناک ہے، انہیں مسلسل وینٹی لیٹر پر رکھا گیاہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹروں نے نواز شریف کو کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہو ئے کہا ہے کہ ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اس لیے ابھی ان کو وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے ۔صورت حال میں کوئی بہتری نہیں آئی ان کا ایک اور ریویو کیا جائے گاجس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کا وینٹی لیٹر ہٹایاجائے یا نہیں۔ ڈاکٹرز نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ کلثوم نواز کی حالت مزید نہیں بگڑی لیکن اس میں اب تک کوئی بہتری بھی نہیں آئی ۔ انہوں نے6دن میں صرف ایک مرتبہ اپنی پتلیوں کوحرکت دی ہے ۔ ڈاکٹر ز کے مطابق کلثوم نواز کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور وہ ابھی وینٹی لیٹر ہٹانے کا مشورہ نہیں دیں گے ۔ کلثوم نواز کی عیادت کے بعد نواز شریف اپنی بیٹی مریم نوازکے ہمراہ اسپتال سے روانہ ہوگئے، اسپتال روانگی سے قبل مریم نواز کا صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ والدہ کی طبیعت ابھی ٹھیک نہیں ،ان کی صحت یابی کے لئے قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے۔