اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے نادرا چیئرمین کو خط لکھ کر ووٹرز ڈیٹا لیک ہونے کا معاملہ اُٹھایا دیا، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی، نادرا نے بھی الیکشن کمیشن سے رابطہ کر کے خط پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو ڈیٹا کسی سیاسی پارٹی کو دیا اور نہ ہی اِس میں ایسا کچھ بھی نہیں جس کا انتخابات پر اثر پڑ سکے۔
تفصیلات کے مطابق ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے کے سنگین معاملہ پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا کو خط لکھ دیا، خط میں دو ٹوک کہہ دیا گیا کہ الیکشن کمیشن پہنچنے سے پہلے ہی ڈیٹا غیر متعلقہ افراد کے پاس پہنچ گیا، جو نادرا حکام نے فراہم کیا۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ معاہدے کےتحت نادرا ووٹرز کا ڈیٹا کسی سے شئیر نہیں کر سکتا لیکن معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، نادرا ڈیٹا لیک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے تحریک انصاف پہلے ہی نادرا پر نون لیگ کو ڈیٹا دینے کا الزام لگا چکی ہے۔
خط موصول ہونے پر نادرا حکام نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا اور وضاحت کر دی کہ کوئی ڈیٹا کسی سیاسی جماعت نہیں دیا گیا، ڈیٹا کا سیاسی جماعتوں سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی انہیں اِس سے کوئی فائدہ ہے ، ڈیٹا میں ایسا کچھ ہے بھی نہیں کہ انتخابات پر اس کا اثر پڑ سکے ۔ترجمان نے یہ بھی کہہ دیا کہ مشاورت کے بعد خط کا تحریری جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب تحریک انصاف پہلے ہی یہ معاملہ اٹھا چکی ہے، پی ٹی آئی نے گذشتہ روز چیئرمین نادرا عثمان مبین یوسف کیخلاف پٹیشن الیکشن کمیشن میں دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔مجوزہ پٹیشن میں عثمان مبین کو جانبدار اور ن لیگ کا وفادار قرار دیتے ہوئے عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی گئی جبکہ نادرا ترجمان نے کسی بھی سیاسی پارٹی کو ڈیٹا دینے سے متعلق پی ٹی آئی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔