اسلام آباد: عام انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا آج آخری دن ہے۔ جس میں امیدواروں کے فارم مسترد اور منظور کئے جارہے ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو و دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عام نتخابات میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا آج آخری دن ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کی سہولت کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی تھی جس کے بعد 11 جون تک امیدواروں سے کاغذات نامزدگی فارم کی وصولی کی گئی تھی۔
ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان کے مطابق جانچ پڑتال کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اسلام آباد کے این اے 53 ، لاہور کے این اے 132 کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور صاحبزادے حمزہ شہباز کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے جس پر ریٹرننگ افسر اسلم پنجوتہ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھی این اے 131 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے نارووال کے حلقہ این اے 78، ملتان کے حلقہ این اے 155 سے جاوید ہاشمی، فیصل آباد کے حلقہ این اے 106 سے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ ، چار سدہ کے حلقہ این اے 23 سے آفتاب شیر پاؤ اور چنیوٹ کے حلقہ این اے 99 سے فیصل صالح حیات کے بھائی اسد حیات کے کاغذات منظور کرلئے گئے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے لاہور کی صوبائی اسمبلی پی پی 173 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
قصور کی صوبائی اسمبلی پی پی 176 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد احمد خان کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ہیں۔
جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ این اے 38 سے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔
ڈپٹی میئر کراچی ارشد ووہرا کے این اے 254 اور این اے 255 ، این اے 245 کراچی سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محمد حسین خان اور اسی حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار قیصر نظامانی کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔
تحریک انصاف کے سرفراز کھوکھر کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات ریٹرننگ افسر خاور رفیق نے مسترد کرتے ہوئے نامزدگی فارم منظور کیے۔
بدین کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 74 سے گرینٹ ڈیموکریٹک الائنس کے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔
Tags الیکشن کمیشن، کاغذات نامزدگی