لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ اور شاہد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی، دوران سماعت کیس میں ملوث سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور نجی تعمیراتی کمپنی بسم اللہ کنسٹرکشن کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو 4 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20 جنوری 2015 کو معاہدہ کیا، 16 ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کے لئے 61 کروڑ روپے جمع کروائے، تین سال گزرجانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکا، احد چیمہ نے بطورڈی جی ایل ڈی اے 14ارب روپے کے منصوبے کا ٹھیکہ لاہور کاسا کمپنی کو دے دیا، کاسا کمپنی تین کمپنیوں بسم اللہ انجنیئرنگ سروسز، اسپارکو اور چائنہ گروپ کا جوائنٹ وینچر ہے، کمپنیوں کو 15 کروڑ روپے سے زائد رقم کا معاہدہ دیا جانا غیر قانونی ہے، کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 64 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔ عدالت نے نیب کے دلائل سننے کے بعد احد چیمہ اور شاید شفیق کو 4 جولائی تک 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔